کاروار، 20؍ مارچ (ایس او نیوز) ڈپٹی کمشنر مولئی موگیلن کے بیان کے مطابق کورونا کی دوسری لہر میں تیزی آجانے کے بعد ضلع شمالی کینرا میں احتیاطی تدابیر مزید سخت کر دئے گئے ہیں، جس کے تحت مختلف مقامات پرازسر نو چیک پوسٹس قائم کیے گئے ہیں ۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا ہے کہ ماجالی، چیتاکول، انووڈ، رام نگر، گوکرن، کمٹہ، مرڈیشور اور بھٹکل جیسے بین الریاستی سرحدی علاقوں اور گنجان آبادی والے علاقوں میں چیک پوسٹس قائم کردئے گئے ہیں۔ ریاستی حکومت نے کیرالہ اور مہاراشٹرا سے آنے والوں کے لئے آر ٹی پی سی آر کووِڈ نگیٹیو رپورٹ ساتھ میں لانا لازمی کردیا ہے۔ اس لئے ان ہدایات پر سختی کے ساتھ عمل کیا جارہا ہے ۔ دیگر ریاستوں سے آنے والوں کی پوری طرح طبی جانچ کی جائے گی اور صرف نگیٹیو رپورٹ لانے والوں کو ہی ضلع میں داخلہ دیا جائے گا۔ اگر کسی کے پاس جانچ رپورٹ موجود نہ ہوتو قریبی سرکاری اسپتال میں اس کی جانچ کروائی جائے گی اور رپورٹ نگیٹیو ہونے کی صورت میں ہی ضلع میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ اور جن کی رپورٹ پوزیٹیو نکلے گی انہیں قریبی اسپتال میں داخل کرکے علاج کا انتظام کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں سرگرم رہنے اور اقدامات کرنے کے لئے تمام تحصیلداروں اور محکمہ پولیس کے افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ چیک پوسٹس پر ریوینیو اور پولیس ڈپارٹمنٹ کے اہلکاروں کو بھی تعینات کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔